ن لیگی رہنما کیپٹن صفدر کو مانسہرہ میں ہونے والے تحریک لبیک کے جلسہ ختم نبوت سے چلے گئے جس کی وجہ مقرر سید احمد شاہ بخاری کی ان پر تنقید تھی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں کیپٹن صفدر کو اسٹیج سے اٹھ کر جاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
زرائع کے مطابق مانسہرہ میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس، جہاں ٹی ایل پی رہنما سید احمد شاہ بخاری کا خطاب بھی تھا، سے کیپٹن صفدر اور ان کے ساتھی اس وقت اٹھ کر چلے گئے جب سید احمد شاہ بخاری نے سٹیج پر آ کر کہا کہ اگر آپ نے ان بدمعاشوں کو بلانا تھا تو پھر مجھے نہیں بلانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں | پاکستان نے افغان طالبان کو “ٹی ٹی پی” کو ایک ٹیسٹ کیس کے طورپر لینے کا کہہ دیا
مقرر سید احمد شاہ بخاری نے کہا کہ ن لیگ والوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہمارا مقصد ملک میں نظام مصطفی لانا ہے جو ہم لا کر رہیں گے۔ انہوں نے ن لیگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کیپٹن صفدر کو اسٹیج پر بلائے جانے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا جس کے بعد وہ اور ان کے ساتھی اسٹیج سے اٹھ کر چلے گئے۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ن لیگ اور خود پر تنقید سن کر کیپٹن صفدر خود اسٹیج سے چلے گئے یا انہیں باقاعدہ اٹھایا گیا۔ یہ بات بھی غیر واضح ہے کہ انہیں اسٹیج پر کس کی جانب سے بلایا گیا اور یہ کانفرنس کن افراد کے زیر اہتمام تھی۔