پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتیں بالترتیب 5 روپے اور 9 روپے فی لیٹر کم ہونے کی امید ہے جس کی بنیادی وجہ بین الاقوامی قیمتوں میں کمی ہے۔
تفصیلات کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اس لحاظ سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 4.50 سے 5.20 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 سے 8.50 روپے فی لیٹر کی کمی متوقع ہے۔
پیٹرول کا درآمدی پریمیم 10.7 ڈالر سے تقریباً 10 فیصد کم ہوکر 9.60 ڈالر فی بیرل رہ گیا ہے۔ مارچ میں 13.50 ڈالر فی بیرل سے یہ دوسری دفعہ قیمت میں کمی ہوئی ہے۔ جبکہ پندرہ دن کے دوران روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 45 پیسے کم ہوکر 278.65 روپے پر آگیا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت 98.5 ڈالر سے کم ہو کر 96.6 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 102.9 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 97.5 ڈالر ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ پندرہ دن پہلے حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 4.53 روپے اور 8.14 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔