پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایک نئے پروگرام پاکستان متحدہ عرب امارات پری امیگریشن کلیئرنس سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نظام کے تحت پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافر اپنی امیگریشن کی کارروائی پاکستان میں ہی مکمل کر سکیں گے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات پہنچنے پر انہیں امیگریشن کاؤنٹرز پر قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور وہ مقامی مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔
یہ پیش رفت پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات کے وفد کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی جس کی قیادت ال دارہ بارڈر کراسنگ کے ڈائریکٹر جنرل آف کسٹمز احمد عبداللہ بن لاہیج الفلاسی کر رہے تھے۔
نیا امیگریشن سسٹم ابتدا میں پائلٹ بنیادوں پر متعارف کرایا جائے گا اور اس کے بعد کراچی میں نافذ کیا جائے گا۔ وزیرِ داخلہ کے مطابق اس اقدام سے مسافروں کے لیے سفر میں آسانی ہو گی- وقت کی بچت ہوگی، پریشانی کم ہوگی اور ایئرپورٹ پر انتظار نہیں کرنا پڑے گا
پائلٹ منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان متحدہ عرب امارات پری امیگریشن کلیئرنس سسٹم کو ملک کے دیگر ایئرپورٹس تک بھی توسیع دی جائے گی۔ یہ منصوبہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتا ہے اور یو اے ای کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے جدید سفری سہولیات فراہم کرے گا۔






