پاک فوج کا مارشل لاء کی افواہوں پر رد عمل آ گیا
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے ملک میں مارشل لا لگانے کی افواہوں کو محض بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فوجی ترجمان نے ان افواہوں کو بھی مسترد کیا کہ کئی افسران نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے۔
مارشل لاء کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا
یہ بھی پڑھیں | عمران خان کی ضمانت منظور، انٹرنیٹ بحال
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ مارشل لاء کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اعلیٰ عسکری قیادت ’جمہوریت کی مکمل حمایت کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی پروپیگنڈے کے باوجود فوج جنرل منیر کی قیادت میں متحد تھی، ہے اور متحد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی تقسیم کا خواب خواب ہی رہے گا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ فوج میں کسی نے استعفیٰ نہیں دیا اور نہ ہی کسی حکم کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آرمی چیف اور پوری عسکری قیادت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔
فوجی ترجمان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب مارشل لاء کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ایسی افواہیں بھی زیر گردش تھیں کہ کچھ سینئیر فوجی احباب نے استعفی دیا ہے۔