اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سیاحتی مقامات کی سیر کرنے کی بات آئے تو پاکستان کو بھولا نہیں جا سکتا۔ پاکستان بلاشبہ ایسا ملک ہے جہاں انتہائی خوبصورت مقامات ہیں۔ پاکستان کی سب سے متاثر کن بات یہ ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں یہاں رہائش اور سیاحتی سفر انتہائی سستا ہے جبکہ خوبصورتی کے اعتبار سے پاکستان سرفہرست ممالک میں آتا ہے۔
بالخصوص پاکستان کے شمالی علاقہ جات حسین دلکش نظاروں سے بھرے پڑے ہیں جہاں زندگی میں ایک دفعہ تو ضرور جانا چاہیے۔ اگر آپ بھی ایک سیاح ہیں اور پاکستان گھومنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آئیے ہم آپ کو پاکستان کے 5 ایسے سیاحتی مقامات بتاتے ہیں جنہیں آپ کو کبھی بھی مس نہیں کرنا چاہیے۔
وادی ہنزہ
وادی ہنزہ گلگت بلدستان میں واقع ہے جو ایک انتہائی خوبصورت جگہ ہے۔ یہ وادی ہمالیہ اور قراقرم پہاڑی چوٹیوں کے درمیان واقع ہے۔ یہاں کے سرسبز مقامات دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ اسی وادی میں مشہور عطا آباد جھیل بھی ہے جسے دیکھنے لوگ دور دور سے آتے ہیں۔ کئی بین الاقوامی سیاح یہاں سفر اختیار کر چکے ہیں۔ یہاں کے لوگ بہترین اخلاق کے مالک ہیں۔ اگر آپ اس وادی کو سر سبز حالت میں دیکھنا چاہیں تو اس کو دیکھنے کا بہترین وقت اپریل سے ستمبر تک کا ہے۔
وادی سوات
وادی سوات کو پاکستان کا سوئزرلینڈ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایک انتہائی خوبصورت جگہ ہے جہاں مختلف جھیلیں اور سیاحتی مقامات ہیں۔ سیکورٹی کے اعتبار سے سوات اب محفوظ شہر ہے جبکہ یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور دوستانہ ہیں۔ سوات کا سفر گرمی ہو یا سردی دونوں میں انتہائی دلکش رہتا ہے۔ گرمیوں میں آپ کو یہاں دل کو چھو لینے والا سبزہ دیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ سردیوں میں یہاں برف باری کے حسین مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔ اگر آپ پاکستان گھومنا چاہتے ہیں تو اس مقام کو کبھی نظر انداز مت کریں۔
ناران کاغان
ناران اور کاغان خیبر پختونخواہ میں واقع ہیں۔ یہاں مختلف جھیلیں ہیں جن میں مشہور آنسو جھیل اور جھیل سیف الملوک ہے۔ یہاں فطرت کے خوبصورت شاہکار ہیں۔ آپ کو ان علاقوں میں خوبصورت دریا اور برف پوش چوٹیاں بھی ملیں گی۔ ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سیاح اس وادی میں آتے ہیں۔ ناران کاغان میں سیاحت کی غرض سے جانے کا بہترین وقت اپریل سے ستمبر تک ہے۔
سکردو
میں نے پاکستان میں جو مقامات گھومے ہیں مجھے ان میں سکردو سب سے خوبصورت لگا ہے۔ یہ ایک انتہائی دلکش شہر ہے جو گلگت بلدستان میں واقع ہے۔ یہاں کی شنگریلا جھیل دل کو چھو لیتی ہے اور اس جھیل میں آپ باآسانی پورا دن گزار سکتے ہیں۔ شنگھریلہ جھیل کو اونچائی سے دیکھا جائے تو یہ دل کی شکل کی ہے۔ شنگھریلہ جھیل کے علاوہ بھی سکردہ میں کئی جھیلیں ہیں جو انتہائی خوبصورت ہیں۔ آپ کو سلردہ اور اس کے اطراف کے مقامات گھومنے کے لئے کم از کم تین دن یہاں گزارنے چاہیے۔
اسلام آباد
اسلام آباد پاکستان کا دار الحکومت بھی ہے جو خوبصورتی کے لحاظ سے سرفہرست شہروں میں سے ایک ہے۔ یہاں خوبصورت پارکس، پہاڑ اور قدرتی مناظر ہیں جو دیکھنے والے کو محظوظ کر دیتے ہیں۔ اگر آپ پاکستان میں کسی ایک علاقے کی تلاش میں ہیں جو خوبصورتی کے ساتھ ساتھ بہترین انتظام بھی رکھتا ہو تو اسلام آباد ان میں سے ایک ہے۔ یہاں کے خوبصورت اور سیاحتی مقامات میں دامن کوہ، لیک ویو، فیصل مسجد، سینٹورئیس مال اور منال ریسٹورینٹ شامل ہیں۔ یہاں آپ سال کے کسی بھی مہینے آ سکتے ہیں۔