اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آپ کسی غیر ملکی سفر پر ہوتے ہیں اور وہاں آپ کا پاسپورٹ گم یا چوری ہو جاتا ہے۔ یہ صورتحال بظاہر بہت پریشان کن لگتی ہے لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ اگر آپ کے ساتھ ایسا ہو جائے تو کچھ ضروری اقدامات ہیں جنہیں اختیار کر کے آپ اس مسئلے کو آسانی سے سنبھال سکتے ہیں۔
سب سے پہلے خود کو پرسکون رکھیں اور دوبارہ اچھی طرح سے تلاش کریں۔ اکثر اوقات ہم گھبراہٹ میں فوراً نتیجہ اخذ کر لیتے ہیں کہ پاسپورٹ گم ہو گیا ہے حالانکہ وہ کسی بیگ، جیب، ہوٹل کے کمرے، لاکر یا سیف میں ہی رکھا ہوتا ہے۔ اس لیے ایک مرتبہ پوری تسلی کے ساتھ ہر جگہ دیکھیں۔
اگر آپ کو یقین ہو جائے کہ پاسپورٹ واقعی گم یا چوری ہو چکا ہے تو سب سے پہلے قریبی پولیس اسٹیشن جا کر رپورٹ درج کرائیں۔ پولیس رپورٹ کا تحریری ثبوت یا اس کی کاپی ضرور حاصل کریں، کیونکہ یہ بعد میں سفارتخانے میں نیا پاسپورٹ یا ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ حاصل کرنے کے لیے درکار ہوگی۔
اس کے بعد قریبی پاکستانی سفارتخانے یا قونصلیٹ سے رابطہ کریں۔ ان کے دفتر جا کر اپنی شناختی معلومات فراہم کریں جن میں پولیس رپورٹ، گمشدہ پاسپورٹ کی فوٹو کاپی (اگر دستیاب ہو)، شناختی کارڈ یا NICOP، اور پاسپورٹ سائز تصاویر (کم از کم 4 سے 5) شامل ہوں۔ اگر آپ سفارتخانے نہیں جا سکتے تو ان سے فون یا ای میل کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی سفارتخانوں کی فہرست اور پتہ وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ (https://mofa.gov.pk) پر دستیاب ہے۔
سفارتخانے میں آپ دو اقسام کی دستاویزات کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اگر آپ کو فوری طور پر پاکستان واپس آنا ہو تو ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ (ETD) جاری کیا جا سکتا ہے جو ایک وقتی سفری اجازت نامہ ہوتا ہے جس کے ذریعے آپ وطن واپس جا سکتے ہیں۔ لیکن اگر آپ کا قیام بیرونِ ملک طویل ہے اور آپ باقاعدہ نیا پاسپورٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو مشین ریڈایبل پاسپورٹ (MRP) کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے جس کے اجراء میں چند دن یا ہفتے لگ سکتے ہیں۔
جہاں تک فیس کا تعلق ہے ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کی فیس معمولی یا بعض اوقات مفت بھی ہو سکتی ہے، جبکہ نیا پاسپورٹ حاصل کرنے کی صورت میں عام پاسپورٹ کی فیس کے ساتھ ایک جرمانہ بھی شامل کیا جائے گا۔مزید پڑھیں: پاکستان کا پاسپورٹ 2025 میں عالمی درجہ بندی میں پہلی 100 پوزیشنز میں شامل۔