حکومت کی جانب سے پنجاب میں 5 اگست تک بازار اور دکانیں بند کرنے کے اعلان کے خلاف انجمن تاجران پاکستان نے ٹیکس ریٹرن ادا نا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انجمن تاجران پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت نے عید الاضحی کے اہم موقع پر بازار اور دکانیں بند کروا کر غلط فیصلہ کیا ہے۔
رہنما انجمن تاجران پاکستان نعیم میر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عید الاضحی کے اہم موقع پر کاروبار بند کر کے غلط فیصلہ کیا گیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ تاجر حضرات ٹیکس ریٹرن نہیں ادا کریں گے جبکہ بجلی کے کمرشل بل بھی نہیں دئیے جائیں گے۔ مزید برآں انہوں نے کمرشل اداروں سے ہر قسم کا تعاون ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کاروبار بند کر کے تاجروں سے دشمنی مول لی ہے اور انہیں خوامخواہ انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاجروں کو مصیبت اور دکھ درد میں ڈال کر معیشت کا پہیہ نہیں چلایا جا سکتا۔
نعیم میر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ تاجروں کے لئے دو دو قانون ہیں۔ انہوں نے حکومت پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا دیگر صوبوں کا کورونا بھی پنجاب بھی آ گیا ہے جو لاک ڈاؤن کرنا پڑ رہا ہے؟
انجمن تاجران پاکستان کے رہنما نے کہا ہے کہ ہم اپنی دکانوں میں سرکاری اہلکاروں کا داخلہ بند کر دیں گے نیز عید کے فورا بعد حکومت کے خلاف بھی تحریک چلائی جائے گی۔