وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں منعقدہ ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو سے خطاب کیا ہے جو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) نے منعقد کیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 60 ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مائنز اور منرلز کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
اس تقریب میں مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹس سے تعلق رکھنے والے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ہے جنہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی، ایڈوانسمنٹ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کو سراہا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو اب انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ذہین، قابل اور پُرعزم قرار دیا ہے اور کہا کہ پاکستان کا مستقبل تحقیق، ایڈوانسمنٹ اور انوویشن میں ہے۔ حکومت نوجوانوں کو ان شعبوں میں مواقع حاصل کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم نے معیشت کے حوالے سے کچھ مثبت خبریں بھی شیئر کیں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی جو پہلے 38 فیصد ماہانہ تھی اب کم ہو کر 1.5 فیصد ہو چکی ہے۔ شرح سود کو 22.5 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کر دیا گیا ہے اور بجلی کی قیمتیں بھی کم کی گئی ہیں تاکہ صنعت اور عوام دونوں کو فائدہ ہو سکے۔
نمائش میں پاکستان کے صنعتی اور قدرتی وسائل کو اجاگر کرنے والے اسٹالز لگائے گئے جن میں فارماکولوجی، زرعی مشینری، جمز، زیورات، اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس نمائش کو پاکستان کی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے چین، افریقہ، یورپ اور امریکہ جیسے ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اور سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے ۔ اور صوبوں کی ترقی کےلیے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔
اختتامی کلمات میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ ملک جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ منصوبوں اور باصلاحیت نوجوان نسل کے ذریعے خود کفالت اور خوشحالی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ اس تقریب سے منرلز کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔ نمائش میں کئی اہم معاہدے اور ایم او یوز سائن کیے گئے جو پاکستان کی مستقبل کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر غلام سرور نے یو اے ای میں خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ جیت لیا۔