وزیر اعظم شہباز شریف صدر الکساندر لوکاشینکو کی دعوت پر بیلاروس کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے جس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی شامل ہیں۔
یہ دورہ 10 اپریل سے 11 اپریل تک ہوگا ۔ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اود نئے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف بیلاروس کے صدر سے ملاقات کریں گے تاکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد ہو رہا ہے جن میں 2025 کے فروری میں جوائنٹ منسٹرل کمیشن کے 8ویں اجلاس اور اس ماہ کے شروع میں ایک وزیراتی وفد کا بیلاروس کا دورہ شامل ہے۔
دورے کے دوران مختلف شعبوں بشمول ای کامرس، سائنس اور ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تعلیم، صحت، حلال تجارت، ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے انتظام کے حوالے سے کئی معاہدے اور ایم او یو دستخط کی جائیں گی۔ دونوں ممالک منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے حوالے سے انٹیلی جنس کے تبادلے میں بھی تعاون بڑھائیں گے۔
اس دورے کا ایک اہم پہلو 2025-27 کے لیے روڈ میپ فار کاپریشن پر عملدرآمد ہے جس پر گزشتہ نومبر میں دستخط کیے گئے تھے۔