نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے نیویارک پہنچ گئےہیں۔وزیر اعظم کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پہلےعبوری وزیر اعظم ہوں گے۔
وزیراعظم اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایک اہم کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ مزید برآں، وہ بین الاقوامی میڈیا سے بات چیت کریں گے اور اہم امریکی تھنک ٹینکس کا دورہ بھی کریں گے۔
عبوری وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے نیویارک پہنچ گئےہیں جن کا اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے ڈپٹی مستقل مندوب عامر خان اور دیگر سفارتی حکام نے استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں | حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ
اس ہفتے کے آغاز میں نیویارک میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کاکڑ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران یو این کے ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) سربراہ اجلاس میں بھی شرکت نے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی 18-19 ستمبر کو نیویارک میں ایس ڈی جی سربراہی اجلاس منعقد کرےگا۔
اسکے علاوہ نگران وزیر اعظم پاکستان ترقی کے لئے فنانسنگ سے متعلق ایک اور سربراہی اجلاس میں بھی کلیدی خطاب کریں گے جہاں وہ ترقی کے لئے نجی شعبے کی مالی اعانت کو متحرک کرنے کے بارے میں بات کریں گے۔
توقع ہے کہ وزیر اعظم کاکڑ جنرل اسمبلی کے خطاب میں پاکستان کی ایس ڈی جیز کے اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کریں گے۔