عید الفطر مسلمانوں کا مذہبی تہوار ہے جسے دنیا بھر کے مسلمان ماہ رمضان کے اختتام پر ہجری اعتبار سے یکم شوال کو مناتے ہیں۔
عید الفطر کے دن مساجد میں نمازِ عید الفطر کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
عید کی نماز واجب ہے مگر سب پر نہیں صرف ان پر جن پر جمعہ واجب ہے۔
عیدین میں نہ اذان ہے نہ اقامت ۔
عیدین کا خطبہ سنت ہے۔
نمازِ عید الفطر کا طریقہ
پہلے اس طرح نیت کیجیے میں نیت کرتا ہوں دو رکعت نماز عیدالفطر کی ساتھ چھ زائد تکبیروں کے واسطے اللہ کے پیچھے اس امام کے۔
پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائیں اور اللہ اکبر کہہ کر حسب معمول ناف کے نیچے باندھ لیں اور ثناء پڑھیں پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائیں اور اللہ اکبر کہتے ہوئے لٹکا دیں۔
پھر ہاتھ کانوں تک اٹھائیں اور اللہ اکبر کہتے ہوئے لٹکا دیں۔
پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائیں اور اللہ اکبر کہہ کر باندھ لیں یعنی پہلی تکبیر کے بعد ہاتھ باندھیں اس کے بعد دوسری اور تیسری تکبیر میں لٹکائیں اور چوتھی میں ہاتھ باندھ لیں۔
اس کو یوں یاد رکھیں کہ جہاں قیام میں تکبیر کے بعد کچھ پڑھنا ہے وہاں ہاتھ باندھنے ہیں اور جہاں نہیں پڑھنا وہاں ہاتھ لٹکانے ہیں۔
پھر امام تعوذ اور تسمیہ آہستہ پڑھ کر الحمد شریف اور سورت جہر یعنی بلند آواز کے ساتھ پڑھے پھر رکوع کرے۔
دوسری رکعت میں پہلے الحمد شریف اور سورت جہر کے ساتھ پڑھے پھر تین بار کان تک ہاتھ اٹھا کر اللہ اکبر کہے اور ہاتھ نہ باندھیں اور چوتھی بار بغیر ہاتھ اٹھائے اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں جائیے اور قاعدے کے مطابق نماز مکمل کر لیں۔
ہر دو تکبیروں کے درمیان تین بار سبحان اللہ کہنے کی مقدار چپ کھڑا رہنا ہے۔