وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں سرکاری تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے لیے پہلی مرتبہ اسکول ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز کا اعلان کیا ہے ساتھ ہی آن وہیل مونٹیسوری اسکولز پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد بچوں کو گھر کے قریب تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ مریم نواز نے اسکولوں اور اساتذہ میں مثبت مسابقت کو فروغ دینے کے لیے اسکول آف دی منتھ اور ٹیچر آف دی منتھ جیسے انعامی پروگرام بھی متعارف کرائے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ موبائل مونٹیسوری اسکولز پر فوری کام شروع کیا جائے اور نواز شریف سینٹرز آف ایکسیلینس کو وسعت دی جائے جو اس وقت 240 طلبہ کو تعلیم دے رہے ہیں اور اب ان کی گنجائش بڑھا کر 1,500 طلبہ تک لے جائی جائے۔
تعلیم دوست وزیراعلیٰ مریم نواز کے بڑے فیصلے
— Duha Mirza (@duha_mirza) July 10, 2025
• سرکاری اسکول وین/بس سروس کا آغاز
• نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس: 240
1500 طلباء
• اسکول میل پروگرام: DG خان، لیہ، لودھراں، بھکر، میانوالی، بہاولنگر
• مزید 10,500 اسکول آؤٹ سورس pic.twitter.com/TpJ4DOjPBD
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت اسکولوں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ان اسکولوں میں داخلے کی شرح 99 فیصد بڑھ چکی ہے جب کہ اساتذہ کی تعداد میں بھی 114 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے 60 ہزار سے زائد پڑھے لکھے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع ملے ہیں اور صرف 16 ماہ کے دوران 13 لاکھ نئے طلبہ تعلیمی نظام میں شامل ہوئے ہیں۔
تعلیمی انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں جن میں 5,018 کلاس رومز کی مرمت، 2,887 کمروں کی چھتوں کی مرمت، اور 50 سے زائد اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنا شامل ہے۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں اسکول میل پروگرام کو چھ مزید اضلاع یعنی ڈیرہ غازی خان، لیّہ، لودھراں، بھکر، میانوالی اور بہاولنگر تک توسیع دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ اب اس پروگرام کے تحت طلبہ کو دودھ کے ساتھ انرجی بارز اور بسکٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
مستقبل کے اہداف میں 10,000 ابتدائی بچپن کی تعلیم کے کلاس رومز، 6,000 STEM لیبز اور لڑکیوں کے اسکولوں میں 400 نئے ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر شامل ہے۔
ڈیجیٹل تعلیم کے میدان میں بھی پیش رفت جاری ہے۔ اساتذہ اور طلبہ کو گوگل کی مدد سے جدید ڈیجیٹل تربیت دی جا رہی ہے جب کہ ایک نیا انگریزی بول چال پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد چھ ماہ میں 3 لاکھ طلبہ کو IELTS لیول 4 کی سطح تک پہنچانا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے زور دیا ہے کہ سرکاری اسکولوں کا معیار نجی اسکولوں سے بہتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے اساتذہ کی بہتر تربیت اور صوبے بھر میں اسکول میں داخلے کے لیے یکساں طریقہ کار نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان بورڈ نے میٹرک امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا