پاکستان بھر میں 73واں یوم جشن آزادی جوش و خروش اور انتہائی عقیدت سے منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی کے اس دن کا آغاز اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
گلی گلی قریہ قریہ سبز ہلالی پرچم لہرائے جا رہے ہیں جبکہ بچے نوجوان اور بوڑھے بھی سبز پرچم سے مناسبت والے لباس پہنے دکھائی دے رہے ہیں۔ جشن آزادی کے اس موقع پر کئی بڑے شہروں میں زبردست چراغاں نیز آتش بازی کے مظاہرے بھی کئے گئے جبکہ مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے آج جشن آزادی کی مناسبت سے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
کراچی لاہور کوئٹہ سیالکوٹ اور راولپنڈی سمیت تمام بڑے شہروں میں شہریوں کی جانب سے رات گئے تک اہم مقامات پر ہلہ گلہ جاری رہا۔ نارتھ ناظم آباد کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے فائیو سٹار چورنگی پر زبردست آتش بازی کی گئی۔ اسی طرح تحریک انصاف کی جانب سے بھی سی ویو سے لے کر نشان پاکستان تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔
شہر کراچی میں بانئ پاکستان کے مزار اعزازی گارڈز کی تعیناتی کی پروقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض کو سرانجام دیا۔
لاہور میں 13 بجتے ہی مینار پاکستان پر نوجوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے اور آتشبازی کے شاندار مظاہرے کئے گئے جسے مختلف نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے بھی دکھایا گیا۔
اسی طرح کوئٹہ، سیالکوٹ، راولپنڈی سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی نوجوانوں کا رات گئے تک اہم مقامات پر رش رہا جس میں جشن آزادی کے حوالے سے خوب جوش و خروش رہا، پاکستانی پرچم لہراتے رہے اور آتشبازی بھی کی گئی۔
علمائے دین نے عوام پاکستان سے اپیل کی ہے اس موقع پر شکرانے کے طور پر نوافل ادا کئے جائیں۔
یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کی جشن آزادی کے سلسلے میں واک چاکنگ کی گئی ہے اور مختلف مقامات ہر جشن آزادی پاکستان مبارک ہو جیسے نعرے دیواروں پر چاک سے لکھے گئے ہیں۔ نیز کشمیریوں کی جانب سے بھرپور انداز میں پاکستان کی یوم آزادی کو منانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔