پنجاب حکومت نے صوبے میں مفت ایڈز اسکریننگ، طبی ٹیسٹ اور مکمل علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پنجاب میں فری ایڈز اسکریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کلینکس ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو اپنے گھروں کے قریب ٹیسٹنگ کی سہولت میسر آ سکے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق ایڈز کو خطرناک مرض سمجھا جاتا تھا تاہم مناسب دیکھ بھال اور ادویات کے ذریعے اسے قابو کیا جا سکتا ہے اور اس کا علاج ممکن ہے۔ پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب نے صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مفت ٹیسٹنگ مریضوں کے لیے رہنمائی (کاؤنسلنگ) اور علاج کو یقینی بنایا جائے۔
پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نوید اختر ملک کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ایڈز کلینکس قائم ہیں۔ عوام میں ایڈز کے مطلق آگاہی کے لیے ایک آفیشل ویب سائٹ بھی لانچ کر دی گئی ہے۔
زیادہ خطرے سے دوچار افراد جن میں منشیات استعمال کرنے والے افراد، آلودہ سرنج کے ذریعے متاثر ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز اور جنسی کارکن شامل ہیں کو مفت ایچ آئی وی ٹیسٹ، پی سی آر ٹیسٹ اور سی ڈی 4 ٹیسٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ جن افراد میں ایچ آئی وی مثبت پائے جاتے ہیں انہیں مفت ادویات، کاؤنسلنگ اور طبی نگہداشت فراہم کی جاتی ہے۔
لاہور میں قائم پنجاب پبلک ہیلتھ لیبارٹری کو بھی اس پروگرام سے منسلک کر دیا گیا ہے جہاں صوبے بھر کے اضلاع سے سمپل ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اور بروقت رپورٹس فراہم کی جاتی ہیں۔






