مفتی عبد النبی حمیدی ساؤتھ افریقہ والے بقضائے الٰہی سے وفات پا گئے ہیں ۔
اناللہ وانا الیہ راجعون
اطلاعات کے مطابق آپ کا جنازہ پریٹوریا ساؤتھ افریقہ میں پڑھایا جائے گا۔
مفتی عبد النبی حمیدی رحمتہ اللہ علیہ ایک عظیم مبلغ ، استاذ، مفسر ، مترجم اور شیخ الحدیث تھے۔
آپ کا آبائی تعلق چشتیاں شریف ضلع بہاولنگر سے تھا۔
آپ کے والد مشہور روحانی شخصیت اور سلسلہ چشتیہ نظامیہ کے عظیم پیشوا علامہ نور محمد مہاروی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار شریف سے ملحق مسجد میں امام تھے اور بریلی شریف سے فارغ التحصیل تھے۔
حال میں مفتی عبد النبی حمیدی رحمتہ اللہ علیہ آپ عرصہ دراز سے ساؤتھ افریقہ میں خدمت دین میں مصروف تھے۔
آپ عالمی دینی تحریک دعوت اسلامی کے جامعۃ المدینہ ساؤتھ افریقہ برانچ میں شیخ الحدیث کے عہدہ پر فائز تھے۔
بچپن میں ہی آپ کے سر سے والد گرامی کا سایہ اٹھ گیا۔
والدہ کی خواہش پر آپ نے حفظ قرآن کیا اور درس نظامی کی بھی تکمیل کی سعادت پائی ۔
آپ کی دین اسلام کی تبلیغ و ترویج کےلیےخاص طور انگریزی زبان میں کی گئ خدمات بے مثال اور ناقابلِ فراموش ہیں ۔
آپ بہت عاجزی اور انکساری فرمانے والے اور تارک الدنیا تھے۔
فضول بحث و مباحث کی بجائے آپ نے اپنا وقت تدریس و تحریر میں گزارا۔
آپ نے بہت احسن انداز میں امام احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ کے ترجمۃ القرآن کنزالایمان شریف کو انگریزی زبان میں ترجمہ کیا ۔
اس ترجمہ کو پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ آپ نے کتنی محنت سے انگریزی زبان میں بھی ترجمہ کنزالایمان کے اصل بادب لہجے کو برقرار رکھا۔
اسی طرح آپ نے امت کو مفتاح الحسان فی تفسیر القرآن کے نام سے انگریزی زبان میں تفسیر کا تحفہ دیا۔ یہ انگریزی زبان میں قرآن مجید کی آسان اور بہترین تفسیر ہے۔
اسی طرح علم النحو پر بھی لکھی گئ ایک کتاب کو طلبہ علوم دین کےلیے انگریزی زبان میں ترجمہ کیا۔
آپ خود بھی تقوی کے پیکر تھے اور اپنا بیانات میں طلبہ علم دین کو خاص طور تقوی اختیار کرنے کی ترغیب دیتے ۔
اللہ پاک مفتی صاحب کی خدمات دینیہ کو قبول فرمائے اور آپ کے درجات میں بلندیاں عطا فرمائے ۔ امین