پاکستانی فری لانسرز کے لیے حالیہ دنوں میں فائیور پر اکاؤنٹس کی معطلی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی ہیں۔ اس کی وجہ پاکستان میں جاری انٹرنیٹ مسائل ہیں۔
فائیور نے بہت سے پاکستانی فری لانسرز کے اکاؤنٹس عارضی طور پر معطل کر دیے ہیں تاکہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث کاروباری حضرات کو تاخیر کے نقصان سے بچایا جا سکے۔ فائیور نے اس اقدام کا مقصد فری لانسرز کے کام کے معیار کو برقرار رکھنا اور ممکنہ تاخیر کے باعث کلائنٹس کے ساتھ پیدا ہونے والے مسائل سے بچانا بتایا ہے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ
انٹرنیٹ کی یہ بندشیں پاکستان میں مختلف وجوہات کی بنا پر سامنے آئی ہیں، جن میں حال ہی میں نافذ کردہ فائر وال اور دیگر تکنیکی مسائل شامل ہیں۔ اس صورتحال کے باعث فری لانسرز کی آمدنی اور کام پر گہرا اثر پڑ رہا ہے، اور بہت سے کلائنٹس دوسرے ممالک کے فری لانسرز کی طرف رجوع کر رہے ہیں۔
فری لانسرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے، کیونکہ ان کی آمدنی کا انحصار انٹرنیٹ پر ہے اور جب انٹرنیٹ کی رفتار کم یا غیر مستحکم ہوتی ہے، تو ان کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
بہت سے فری لانسرز کی شکایات کے مطابق ان کے اکاؤنٹس وی پی این کے استعمال کی وجہ سے بلاک ہوئے ہیں کیونکہ فائیور کے اے آئی سسٹم نے نوٹ کیا کہ یہ اکاؤنٹس مختلف لوکیشنز سے آپریٹ ہو رہے ہیں جس کی اجازت فائیور نہیں دیتا ہے۔
پاکستان کی بڑی آئی ٹی شخصیات، ہشام سرور، تنویر ناندلہ اور دیگر نے پاکستان میں انٹرنیٹ کی غیر اعلانیہ بندش پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ئے اور حکومت سے گزارش کی ہے کہ انٹرنیٹ کے مسئلہ کو فورا حل کیا جائے۔