پاکستان کے معروف اور ہر دلعزیز شیف ذاکر قریشی جو اپنی لاجواب کھانوں کی مہارت اور مشہور ٹی وی شوز کی بدولت کروڑوں دلوں پر راج کرتے تھے اب ہم میں نہیں رہے۔ ان کے بھتیجے عبدالولی شایان قریشی نے تصدیق کی ہے کہ شیف ذاکر کا پیر کی شام 7 بجے کے قریب کراچی میں انتقال ہوگیا یے۔
شیف ذاکر تقریباً 5 سال سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں مقیم رتھے اور 20 دن قبل پاکستان واپس آئے تھے۔ ان کی صحت کافی عرصے سے خراب تھی اور وہ گردوں کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث ڈائیلیسز پر تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج عصر کے بعد کراچی کے علاقے سعود آباد میں ادا کی جائے گی۔
شیف ذاکر نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز 1980 میں کراچی کے شیرٹن ہوٹل میں بطور اپرنٹس کیا۔ بعد ازاں وہ دنیا کے مختلف ملکوں میں جیسے متحدہ عرب امارات، سنگاپور، جنوبی افریقہ، اور کیریبین کے بہترین ہوٹلز اور ریسٹورینٹس میں خدمات انجام دیتے رہے۔
پاکستان واپسی کے بعد 2005 میں انہوں نے انڈس ٹی وی پر اپنے پہلے ٹی وی کوکنگ شو کا آغاز کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ذاکرز کچن کے نام سے ڈان نیوز پر مقبول ترین شو کیا اور دیگر چینلز جیسے اے آر وائی، ہم ٹی وی اور مصالحہ ٹی وی پر بھی اپنے ککنگ کے حوالے پروگرام کرتے رہے۔
2014 میں وہ پاکستان کے پہلے ریئلٹی شو ماسٹر شیف پاکستان کے جج بھی رہے جو بعد میں 19ویں ایشین ٹیلی ویژن ایوارڈز میں نامزد ہوا۔
یہ کسی پاکستانی ریئلٹی شو کی پہلی بین الاقوامی نامزدگی تھی۔
ٹی وی سے ہٹ کر بھی شیف ذاکر نے کئی کُک بکس تحریر کیں اور کراچی میں دو ریسٹورینٹس ایک گلشنِ اقبال میں شانِ مغلیہ اور کلفٹن میں کلفٹن گرل کے نام سے کھولے ۔
شیف ذاکر ایک عاجز، محنتی اور اپنے پیشے سے بے پناہ محبت رکھنے والے شخص تھے جنہوں نے اپنی زندگی کھانوں کے فن کے لیے وقف کر دی۔ وہ ہمیشہ سینکڑوں گھروں میں کھانے کی خوشبو اور ذائقے بکھیرنے کے لیے یاد رکھے جائیں گے۔