پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف وطن واپس نہیں آ رہے ہیں البتہ اس امید پر ساری مسلم لیگ ن کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل پر ملکی سیاست اور موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ نوازشریف نے بہت کمال کی چالیں چلی ہیں اور وہ سیاست کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف وطن واپس نہیں آئیں گے۔
شہباز شریف کے وزیر اعظم کا امیدوار ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے شہبازشریف آگے آ جائیں تاہم شہباز شریف کو وزیراعظم کے لئے امیدوار ہونے کی صرف "تسلی” دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں لائحہ عمل کے لئے سپریم کمیٹی بنا دی
اعتزاز احسن نے کہا کہ ایسی کوئی صورت دکھائی نہیں دے رہی کہ مریم نواز حمزہ اور شہبازشریف کے حق میں دستبردار ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں گولیاں نہیں چلتی بلکہ پالیسی بنانی پڑتی ہے۔ نوازشریف کے بعد مریم نواز ہی ان کی جانشین کے طور پر کام کریں گی بلکہ مریم نواز کے بعد اب جنید صفدر بھی میدان لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کا صرف چہرہ فوج کو دکھایا جارہا ہے کہ یہی ہیں لیکن پیچھے شکاری اور ہیں۔
پنجاب الیکشن کی حوالے سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی قیادت کو مسلم لیگ ن سے مقابلہ کے لئے مل کر بیٹھنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حقیقت سامنے آ چکی ہے اور شہباز شریف کو بھی لیڈر شپ نہیں ملے گی۔ انہوں نے آخر میں معنی خیز جملہ بولتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اگر گری تو اپنے ہی وزن سے گرے گی۔