فوج کے میڈیا ونگ نے بتایا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے نرگوسہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران دو دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے ضلع نرگوسہ کے علاقے میں انٹیلی جنس آپریشن کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شدید فائرنگ کے دوران ، دو دہشت گرد عثمان علی اور وحید ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاک دہشتگرد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سجنا گروپ کے سرگرم کارکن تھے اور وہ دھماکہ خیز مواد کے آلہ (آئی ای ڈی) کے ماہر ، دہشت گرد ٹرینر ، محرک اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیاہے کہ14 اکتوبر 2020 کو سیکیورٹی فورسز پر حملے میں دہشت گرد عثمان بھی شامل تھا جس میں کیپٹن عمر چیمہ ، دو جے سی او اور تین سپاہی شہید جبکہ چار زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں | مزید کوویڈ۱۹ ویکسنز کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، گورنمنٹ آفیشل
یاد رہے کہ گذشتہ سال 14 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر رزمک کے قریب نصب بارودی مواد سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں کیپٹن عمر اور پانچ فوجی شہید ہوگئے تھے۔ کالعدم ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے اس وقت ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ ان کے گروپ کے ممبروں نے یہ حملہ شمالی وزیرستان سے ملحقہ شکتوئی کے علاقے میں کیا۔ فوج کی کارروائیوں کی کامیابی کی وجہ سے ، حال ہی میں ضم شدہ قبائلی اضلاع خاص طور پر شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں تشدد میں تیزی آئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افسر ، فوجی اور عام شہری شہید ہوگئے تھے۔
چودہ جنوری کو ، شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلع میں شدت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چھاپوں میں دو مشتبہ دہشت گرد آئی ای ڈی ماہر مارے گئے۔ اس ماہ کے شروع میں ، شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وایم میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں دو فوجی شہید اور تین زخمی ہوگئے تھے۔