سعودی عرب نے حج 2025 کے سیزن سے پہلے پاکستان سمیت 14 ممالک پر عمرہ, کاروباری اور فیملی ویزوں پر عارضی پابندی لگا دی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ پابندی جون کے وسط تک برقرار رہے گی۔ پاکستانی عمرہ ویزہ رکھنے والوں کو 13 اپریل تک سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہے لیکن انہیں 29 اپریل سے پہلے وطن واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس پابندی سے متاثرہ دیگر ممالک میں بھارت، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس اور یمن شامل ہیں۔
سعودی حکومت نے اس فیصلے سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے لیے سرکاری حج اسکیم کے تحت روانگی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پروازوں کا آغاز 29 اپریل سے ہوگا جبکہ آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔ حج کا مکمل شیڈول پاک حج موبائل ایپ پر دستیاب ہے جہاں عازمین حج اپنی پرواز کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔
پہلے دن پروازیں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور ملتان سے روانہ ہوں گی۔
عازمین حج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے کم از کم 10 دن قبل متعلقہ حاجی کیمپ سے ویکسینیشن کروائیں۔ حج تربیت کا دوسرا مرحلہ 8 اپریل سے شروع ہو چکا ہے تاکہ تمام عازمین حج کو سفر حج کے لیے مکمل طور پر تیار کیا جا سکے۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بھی اپنے پری حج آپریشن کا اعلان کر دیا ہے جو 29 اپریل سے 1 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران پی آئی اے 280 خصوصی پروازوں کے ذریعے 56 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچائے گی۔
پی آئی اے کا پوسٹ حج آپریشن 12 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گا۔
اس سال مجموعی طور پر 179,210 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر سندھ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزہبی کی ملاقات ، ویزہ مسائل حل