برج حمل کے افراد شخصیت کے لحاظ سے دو اقسام میں تقسیم ہوتے ہیں: ایک مکمل اور پختہ شخصیت جبکہ دوسری ناپختہ اور بے لچک شخصیت۔
نامکمل افراد اکثر بے چین اور بے قرار ہوتے ہیں۔ ان میں شرمیلا پن، جھجک، لالچ اور طمع کی کثرت ہوتی ہے۔ اپنے نامکمل جذبوں کے باعث وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پاتے۔
مکمل حملی افراد شخصیت کے اعتبار سے بامقصد اور ٹھوس فیصلے کرنے والے ہوتے ہیں۔ ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھاتے ہیں اور غلطی سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کی مضبوط قوت ارادی اور زبردست صلاحیتِ فیصلہ ان کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہے، اور وہ کامیابی کی منزلیں طے کرتے چلے جاتے ہیں۔ اپنی قوت ارادی کی بدولت وہ اپنے ارادے کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہوتے ہیں
مرد
مکمل حملی مرد منصوبہ بندی میں مہارت رکھتے ہیں، سستی اور کاہلی سے نفرت کرتے ہیں، حوصلہ مند، صاف گو، بے باک اور پراعتماد ہوتے ہیں۔ مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں اور اپنے مقاصد کے حصول کے لئے کوشش کرتے ہیں۔ وہ ترقی کے خواہشمند، مہم جو، اور فرائض میں ذمہ دار ہوتے ہیں۔ سیروسیاحت کے شوقین اور محبت و رفاقت میں وفاشعار ہوتے ہیں۔
لیکن ان میں کچھ منفی صفات بھی ہوتی ہیں: عجلت پسند، جلد بازی سے کام بگاڑنے والے، اور منصوبوں پر عملدرآمد کے وقت گھبرا جانے والے ہوتے ہیں۔ ان میں قوت اور ارتکاز کی کمی ہوتی ہے، دوسروں سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کرتے ہیں اور بے اعتنائی کا گلہ کرتے ہیں۔ تنقید برداشت نہیں کرتے اور بعض اوقات غرور و تکبر کا شکار ہو جاتے ہیں، جو ان کی تباہی کا باعث بنتا ہے۔ جلد غصے میں آ جاتے ہیں، عجلت میں دوستی اور دشمنی بناتے ہیں، اور محبت کے معاملے میں حاسد اور مطلب پرست ہوتے ہیں۔ ان میں انا اور جارحانہ فطرت ہوتی ہے، اور اکثر بدحواسی کا شکار ہوتے ہیں۔
عورت
حملی عورتیں اپنی مرضی کے کام کرنا پسند کرتی ہیں۔ جرأت اور ہمت کی پیکر ہوتی ہیں اور ہر کام میں جوش و خروش سے بھرپور ہوتی ہیں۔ مختلف مشاغل میں مصروف رہتی ہیں، سستی اور کاہلی سے نفرت کرتی ہیں، اور دماغی مشاغل میں ہمہ وقت مصروف رہتی ہیں۔ وہ پراعتماد، شوخ لباس کی شوقین، اور اپنے معاملات سے نمٹنے والی ہوتی ہیں۔ وہ تعلیم یافتہ، مہذب اور خوش اخلاق جیون ساتھی کی خواہش مند ہوتی ہیں۔ خاوند کی شدید محبت کی طلبگار ہوتی ہیں اور گھر میں حکمراں پسندی کا رجحان رکھتی ہیں۔ مقابلے اور چیلنج کو قبول کرتی ہیں اور پریشانیوں کا ٹھنڈے دل سے مقابلہ کرتی ہیں۔ اپنی خداداد صلاحیتوں سے اپنے شوہر کو الجھنوں سے نکالنے میں کامیاب رہتی ہیں۔ نڈر اور بے باک ہوتی ہیں، اور اپنی خدمت کے ذریعے دوسروں کو متاثر کرتی ہیں۔
بچپن میں ان میں نسوانیت کی نسبت مردانہ پن زیادہ ہوتا ہے۔ لڑکوں سے میل جول زیادہ رکھتی ہیں، غصے کا فوری اظہار کرتی ہیں، اور بعض اوقات سرکش رویہ اختیار کرتی ہیں، جو دوسروں کے لئے اذیت کا باعث بنتا ہے۔ محبت اور ہمدردی کے قلیل جذبات رکھتی ہیں اور بے حسی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ جلد بازی اور بے صبری کے باعث نقصان اٹھاتی ہیں