سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جس پر فرد جرم عائد ہونی تھی وہ وزیراعظم بننے والا ہے۔
اپنی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ میری 16ویں وزارت ہے۔ پورا پاکستان جانتا ہے کہ راولپنڈی قابل لوگوں کا شہر ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے آج آخری بات جو کہی ہے وہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تیار ہوجاؤ، اس ماہ نقشہ بدل جائے گا، لوگوں نے لندن ایون فیلڈ کے باہر چوروں کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | شہباز شریف متوقع وزیر اعظم، عمران خان نے استعفوں کا فیصلہ کر لیا
شیخ رشید نے کہا کہ امریکی کہتے ہیں پاکستانی قوم ڈالروں کے عوض اپنی ماں بھی بیچ دیتی ہے، لال حویلی چوروں کے خلاف لال قلعہ بننے جا رہی ہے، غریب چور کی 10 سال تک ضمانت نہیں، اب یہ بڑے چور سب اکٹھے ہو گئے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، فوری انتخابات کرائے جائیں، الیکشن کمشنر کہتے ہیں کہ 7 ماہ تک الیکشن نہیں ہو سکتے، سابق وزیر داخلہ کی حیثیت سے کہتا ہوں کہ ملک میں دہشت گردی کے خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ جا کر کہوں گا کہ یہ زرداری چور ہے، جیل بھرنے کی تحریک لال حویلی سے شروع کروں گا۔ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔