پاکستانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی حملوں میں ملک کے چھ مختلف علاقوں میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ اعلان بدھ کی صبح ایک پریس بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کیاہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارت نے ایک بار پھر اپنی بزدلانہ تاریخ کو دہرایا ہے اور رات کی تاریکی میں عام شہری آبادی کو نشانہ بنایاہے۔
سب سے افسوسناک واقعہ احمدپور شرقیہ میں پیش آیا جہاں ایک مسجد پر حملے میں دو کم سن بچیوں سمیت 13 افراد شہید ہوئے ہیں۔ ایک اور مسجد کو مریدکے میں نشانہ بنایا گیا جہاں 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا ہے۔
مظفرآباد میں 3 شہری شہید ہوئے جبکہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی زخمی ہوئے ہیں۔ کوٹلی میں مسجد پر حملے کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ لڑکا شہید ہوئے ہیں جبکہ ایک ماں اور بچہ زخمی ہوئے ہیں۔
سیالکوٹ اور شکرگڑھ بھی حملوں کی زد میں آئے ہیں تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پاکستان نے ان حملوں کا بھرپور جواب دیا ہے اور پانچ بھارتی جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا ہے۔ مار گرائے گئے طیاروں میں تین رافیل، ایک میگ-29 اور ایک ایس یو سیریز کا طیارہ شامل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ بھارت نے آزاد کشمیر میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے نوسیری ڈیم کو نشانہ بنا کر اس کی ساخت کو نقصان پہنچایا ہے۔ حملوں سے ڈیم کے انٹیک گیٹس اور ہائیڈرولک سسٹم کو نقصان ہوا ہے جبکہ ایک ایمبولینس بھی تباہ ہوئی ہے۔
سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ آبی ذخائر اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایسی کارروائیاں جنگی اصولوں اور عالمی اقدار کے خلاف ہیں۔
پاکستانی مسلح افواج نے سخت اور واضح جواب دیا ہے اور ہر قسم کی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں ایک بار پھر بغیر وی پی این کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) تک رسائی بحال کر دی ہے