اپریل 21 2020: (جنرل رپورٹر) کورونا وائرس کی عالمی وباء کے سلسلے میں پاکستان بھر کے صوبوں میں لاک ڈاؤن جاری ہے- حال ہی میں بلوچستان میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید 5 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے- اس فیصلے کا اعلان حکومت بلوچستان نے اپنے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کیا
حکومت بلوچستان کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع آج دوپہر 12 بجے سے لے کر 5 مئی دوپہر 12 بجے تک کے لئے کی گئی ہے- جبکہ اس دوران تمام تر ہابندیاں پہلے کی طرح برقرار رہیں گی
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی برقرار ہے کسی بھی جگہ پر دس یا دس سے زائد افراد کسی صورت جمع نہیں ہوں گے نیز ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی- یہ بھی کہا گیا کہ تین فٹ سے زائد فاصلہ رکھنے پر عمل برقرار رکھا جائے تا کہ ہم اس عالمی وباء کو کم سے کم پھیلنے میں مددگار ثابت ہوں
دیگر صوبوں کی طرح حکومت بلوچستان نے بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ معمر افراد اور خواتین کو اس پابندی سے استثنی حاصل ہے- نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ کار وغیرہ بھی دو سے زائد افراد نہیں بیٹھ سکتے جبکہ تیماداری کی صورت میں تین افراد تک کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے
پہلے کی طرح شادی تقریبات پر پابندی جاری رہے گی- اعلان کے مطابق سرکاری و غیرسرکاری شعبے بھی بند رہیں گے- نیز 31 مئی تک تمام اسکولز کالجز مدارا بھی لاک ڈاؤن کا شکار رہیں گے
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ ضرورت زندگی والی اشیاء کی دکانیں جن میں دودھ دہی اور کریانہ کی دکانیں شامل ہیں کھلی رہیں گی- بینک محدود عملے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے