ایپل کمپنی جو دنیا بھر میں آئی فون، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ بنانے کے حوالے سے مشہور ہے وہ اب آٹو موبائل کے شعبے پر کام کرے گی اور ایک اندازے کے مطابق 2024 تک ایپل کمپنی ڈرائیور کے بغیر چلنے والی کار متعارف کرا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایپل کار کی تیاری کے ساتھ ساتھ جدید ترین بیٹری پر بھی کام کر رہی ہے۔
ایپل کی جانب سے خود چلنے والی کار کے منصوبے کو ‘ٹائٹن’ کا نام دیا گیا ہے۔ زرائع کے مطابق اس پروجیکٹ ٹائٹن کے تحت 2014 میں کار کا ڈیزائن تیار ہوا تھا۔ البتہ ایک مرحلہ ایسا آیا تھا کہ ایپل نے کار کے منصوبے پر کام روک کر اپنی توجہ سوفٹ ویئرز کی تیاری اور دیگر کاموں پر مرکوز کر دی تھی۔
ایپل کمپنی کے اندرونی معاملات سے واقف ذرائع نے بتایا ہے کہ ایپل اب صارفین کے لیے بڑے پیمانے پر کاریں بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | واٹس ایپ ویڈیوز کے ذریعے کراچی کالجوں کی نگرانی غیر اخلاقی ہے، ماہرین تعلیم
زرائع کے مطابق کمپنی ایک نئی بیٹری کا ڈیزائن بنانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جس سے بیٹری کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور گاڑی کی استعداد میں بھی اضافہ ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق کار کی تیاری میں ایپل کمپنی کو سپلائی چین کا چیلنج در پیش ہو گا۔ جبکہ ایپل وہ کمپنی ہے جو ہر سال کئی الیکٹرونک مصنوعات ایجاد کرتی ہے اور دنیا بھر میں ایپل کمپنی کی مصنوعات استعمال ہوتی ہیں۔
ایپل کے پروجیکٹ ‘ٹائٹن’ میں شامل ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگر دنیا میں کوئی کمپنی از خود چلنے والی کار پر بہتر طریقے سے کام کر سکتی ہے تو وہ کمپنی صرف ایپل ہی ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ کار بنانا اور فون بنانا اس میں بہت فرق ہے۔
تاہم یہ بات ابھی تک واضح ہو سکی کہ ایپل کی گاڑی کو کون سیمبل کرے گا۔ البتہ کچھ مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق ایپل گاڑی کی تیاری کیلئے اپنے پارٹنرز پر انحصار کرے گی۔
کمپنی کے باخبر ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کوویڈ19 کے باعث ایپل کی گاڑی آنے میں تاخیر ہو سکتی ہے اور ممکن ہے کہ ایپل کی گاڑی 2024 یا 2025 کے دوران سامنے آئے۔
تاہم یہ بات یاد رہے کہ ایپل کمپنی کی جانب سے از خود چلنے والی گاڑی کی تیاری کے منصوبے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔