سوشل میڈیا پر رابطے کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹرپر ماروی سرمد نے حضرت عیسی علیہ السلام سے متعلق ایک گستاخانہ ٹویٹ شئیر کی جس کے بعد لاہور کے تھانہ فیصل ٹاؤن میں ان کے خلاف درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ کی درخواست شہری قیس عظیم کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں شہری نے موقف اپنایا ہے کہ ماروی سرمد نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ میں حضرت عیسی علیہ السلام کے خلاف نازیبا اور گستاخانہ کلمات کہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ماروی سرمد نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں ایک ٹویٹ کی جس میں حضرت عیسی علیہ السلام کو "بلوچ” کہا گیا تھا اور یہ ٹویٹ ایک طنزیہ سوالیہ نشان پر مشتمل تھی۔
ماروی سرمد کی اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا نیز مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عیسائیوں کی دل آزاری کا معاملہ بھی زیر بحث رہا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ ماروی سرمد کی اس گستاخانہ ٹویٹ سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہےلہذا ماروی سرمد کے خلاف جلد از جلد قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری کی درخواست موصول ہو گئی ہے۔ معاملات کا جائزہ لے کر اس پر کاروائی کی جائے گی۔