اگر آپ پاکستان میں زمین یا جائیداد خریدنے یا بیچنے کے عمل سے گزر رہے ہیں تو آپ نے اکثر "فرد”، "رجسٹری” اور "انتقال” جیسے الفاظ سنے ہوں گے۔ شروع میں یہ اصطلاحات کچھ پیچیدہ لگ سکتی ہیں لیکن دراصل یہ آپ کی زمین یا جائیداد سے متعلق بنیادی دستاویزات ہوتی ہیں جن کے بغیر کوئی بھی قانونی لین دین مکمل نہیں ہو سکتا۔
فرد ایک ایسی بنیادی دستاویز ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ زمین یا جائیداد کس کے نام پر ہے۔ اسے "ریکارڈ آف رائٹس” بھی کہا جاتا ہے۔ فرد میں موجود معلومات میں زمین کا رقبہ، مقام، موجودہ مالک کا نام اور زمین کی نوعیت (زرعی، رہائشی یا کمرشل) شامل ہوتی ہے۔ آپ کو فرد اس وقت درکار ہوتی ہے جب آپ زمین خریدنے یا بیچنے لگیں، قرض کے لیے اپلائی کریں یا کوئی قانونی عمل زمین کے حوالے سے مکمل کرنا ہو۔ پنجاب میں رہنے والے افراد یہ فرد آن لائن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) کی ویب سائٹ www.punjab-zameen.gov.pk پر جا کر اپنا شناختی کارڈ نمبر اور جائیداد کی تفصیل درج کریں اور فرد کو ڈاؤن لوڈ یا پرنٹ کر لیں۔ آپ مقامی اراضی ریکارڈ مرکز سے بھی یہ دستاویز حاصل کر سکتے ہیں۔
رجسٹری وہ قانونی دستاویز ہوتی ہے جو اس بات کا ثبوت فراہم کرتی ہے کہ زمین یا مکان کی فروخت یا ملکیت کی منتقلی مکمل ہو چکی ہے۔ اسے "بیع نامہ” بھی کہا جاتا ہے۔ جب خریدار اور فروخت کنندہ رجسٹرار آفس (تحصیل دفتر) میں جا کر معاہدہ جمع کراتے ہیں تو رجسٹری کو سرکاری طور پر رجسٹر کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے بیچنے اور خریدنے والے دونوں کا شناختی کارڈ، فرد، معاہدہ، تصاویر اور اسٹامپ پیپر درکار ہوتے ہیں۔
انتقال وہ عمل ہے جس کے ذریعے زمین کے سرکاری ریکارڈ میں نئے مالک کا نام درج کیا جاتا ہے۔ یہ رجسٹری کے بعد کا مرحلہ ہوتا ہے۔ زمین کی فروخت، تحفہ (ہبہ) یا وراثت کی صورت میں انتقال ضروری ہوتا ہے تاکہ سرکاری ریکارڈ میں نیا مالک درج ہو جائے۔ انتقال کے لیے قریبی پٹواری یا ریونیو آفس میں جا کر رجسٹری، فرد، شناختی کارڈ کی کاپیاں اور تصاویر جمع کرانا ہوتی ہیں۔ متعلقہ فیس ادا کرنے کے بعد تصدیق کے بعد انتقال مکمل کیا جاتا ہے۔
یہ تمام دستاویزات زمین کی قانونی ملکیت اور استعمال کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہیں۔ اگر آپ یہ کام خود نہ کرنا چاہیں تو کسی قابل اعتماد پراپرٹی ایڈوائزر یا وکیل کی مدد لے سکتے ہیں لیکن کبھی بھی ایجنٹ یا جعلی ذرائع پر بھروسہ نہ کریں۔