پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) فیصل نیاز ترمذی نے پیر کے روز دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں مڈل ایسٹ انرجی 2025 کے 49 ویں ایڈیشن کے دوران پاکستان پویلین کا افتتاح کیا ہے۔
مڈل ایسٹ انرجی 2025 کو خطے کی سب سے بڑی توانائی کی نمائش سمجھا جاتا ہے جو 7 اپریل سے 9 اپریل تک جاری رہے گی۔
اس نمائش میں دنیا بھر سے 40,000 سے زائد توانائی کے ماہرین اور 1,600 بین الاقوامی نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کاؤنسلر علی زیب خان اور دبئی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شبیر مرچنٹ بھی موجود تھے جبکہ پاکستانی نمائش کنندگان نے توانائی کے شعبے میں اپنی جدید ٹیکنالوجی اور انوویشن کو پیش کیا۔
پاکستان پویلین میں آٹھ نمایاں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت ہوئی ہے جو توانائی کے شعبے میں پانچ اہم شعبوں پر اپنی کاوشوں کی نمائش کر رہی ہیں جن میں سمارٹ سولیوشنز، صاف و قابل تجدید توانائی، بییک اپ جنریٹرز اور کرٹیکل پاور، ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن شامل ہیں۔
اس موقع پر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں کاوشوں پر فخر کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کا پویلین عالمی خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے اور اس کا فوکس سمارٹ انرجی سولیوشنز ، رینوویبل ٹیکنالوجیز اور پاور انفراسٹرکچر پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مڈل ایسٹ انرجی جیسے عالمی پلیٹ فارم پاکستانی کاروباروں کو علم کے تبادلے، شراکت داریوں اور توانائی کے شعبے سے منسلک عالمی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم پاکستان کے توانائی کے شعبے کی عالمی سطح پر پہچان کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ جس میں متحدہ عرب امارات پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے۔
مڈل ایسٹ انرجی 2025 کی افتتاحی تقریب کی صدارت شیخ احمد بن سعید آل مکتوم دبئی سپریم کونسل آف انرجی کے چیئرمین نے کی۔
نمائش میں 1,600 سے زائد توانائی فراہم کرنے والی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں
اور 40,000 سے زائد عالمی توانائی کے ماہرین اور 500 سے زیادہ اہم خریدار دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کا دورہ کریں گے۔
مجموعی طور پر مڈل ایسٹ انرجی 2025 توانائی کے شعبے میں عالمی سطح پر ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے جہاں پاکستانی کمپنیاں نہ صرف اپنی انوویشنز پیش کر رہی ہیں بلکہ عالمی توانائی کے شعبے میں اپنی اہمیت کو بھی اجاگر کر رہی ہیں۔ اس نمائش کے ذریعے پاکستان توانائی کے شعبے میں نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کر رہا ہے۔