لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جمعرات کو "ہونہار اسکالرشپ اسکیم” کو دیگر صوبوں تک بڑھانے کا اعلان کیا، تاکہ ملک بھر کے طلبہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی کسی بھی قوم کی اصل سرمایہ کاری ہے۔
دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے مساوی مواقع
وزیراعلیٰ نے وضاحت کی کہ دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے بھی وہی اہلیت کے معیار ہوں گے جو پنجاب میں نافذ ہیں۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے طلبہ کو بھی اس اسکیم سے فائدہ پہنچے گا۔
لیپ ٹاپ اسکیم میں مزید اضافہ
اجلاس میں پنجاب کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ کی تعداد 1,10,000 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ اہل طلبہ کے لیے کم از کم 65 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا۔ مزید برآں، دوسرے، تیسرے اور چوتھے سمسٹر کے طلبہ کے لیے بھی اسکالرشپ اسکیم کی منظوری دے دی گئی۔
طلبہ کے لیے خصوصی ہیلپ لائن کا قیام
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم کے مستحق طلبہ کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کی جائے، تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ "ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم ہر بچے کا حق اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ معیاری تعلیم تک ہر مستحق طالبعلم کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا، اور کسی بھی مالی رکاوٹ کو کامیابی کی راہ میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔”