گندم اور چاول دونوں صحت کے لئے اپنے لحاظ سے فائدہ مند ہے تاہم ان دونوں میں بہت فرق ہے۔ یہ دونوں بعض لوگوں کے لئے نقصان دہ اور بعض کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ آئیے گندم اور چاول کے کے فرق بارے تفصیل سے بات کرتے ہیں۔
1. غذائیت میں فرق
گندم اور چاول دونوں کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور ہیں لیکن غذائیت میں گندم زیادہ پروٹین، فائبر اور معدنیات فراہم کرتی ہے۔ گندم میں میگنیشیم، آئرن اور زنک زیادہ ہوتے ہیں جو کہ جسم میں خون کے دوران اور توانائی کے ذخیرے کو بہتر بناتے ہیں۔ چاول، خصوصاً براؤن چاول، کچھ وٹامنز جیسے وٹامن بی کمپلیکس اور سیلینیم فراہم کرتے ہیں جو جسمانی قوت مدافعت اور ہاضمہ کے لیے مفید ہیں۔ چاول کی نسبت گندم میں فائبر زیادہ ہوتا ہے، جو نظامِ ہضم کے لیے اہم ہے۔ اس کے برعکس، چاول کو ہلکا مانا جاتا ہے اور یہ جلدی ہضم ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے یہ ہاضمہ کے مسائل والے افراد کے لیے بہتر متبادل ہو سکتا ہے۔
2. گلیسیمک انڈیکس اور بلڈ شوگر
گندم اور چاول کے گلیسیمک انڈیکس میں نمایاں فرق ہے۔ گندم کا گلیسیمک انڈیکس کم ہوتا ہے جس سے خون میں شوگر کی سطح مستحکم رہتی ہے۔ دوسری طرف سفید چاول میں گلیسیمک انڈیکس زیادہ ہوتاہے جو خون میں شوگر کے اچانک اضافے کا باعث بنتا ہے۔ یہ خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے اہم ہے، جنہیں خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مشکلات ہوتی ہیں۔
3. وزن کم کرنا تو کس کا فائدہ؟
چونکہ گندم میں فائبر زیادہ ہوتا ہے تو یہ پیٹ کو بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رکھتی ہے جس کی وجہ سے بھوک کم محسوس ہوتی ہے۔ اس کے برعکس، سفید چاول جلدی ہضم ہو کر دوبارہ بھوک بڑھا سکتے ہیں۔ اگر وزن کم کرنا ہو تو گندم کو ترجیح دی جا سکتی ہے جبکہ وزن بڑھانے کے خواہشمند افراد چاول کو خوراک میں شامل کر سکتے ہیں۔
4. حساسیت اور غذائی برداشت
چاول ایک گلوٹن فری اناج ہے جو کہ گلوٹن سے حساس افراد یا سیلیک بیماری کے شکار لوگوں کے لیے موزوں ہے۔ گندم میں گلوٹن ہوتا ہے، جس سے گلوٹن حساسیت کے شکار افراد کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ چاول کو ان افراد کے لیے ایک محفوظ آپشن سمجھا جاتا ہے جو گلوٹن برداشت نہیں کر سکتے۔