پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتہ کے روز نیو زی لینڈ کے خلاف او ڈی آئی میچ کے دوران کچھ غیر ملکی تماشائیوں کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
ماؤنٹ مانگانوئی میں تیسرے او ڈی آئی میچ میں نیو زی لینڈ نے پاکستان کو 43 رنز سے شکست دی۔
پاکستانی کرکٹر خوشدل شاہ کو اُس وقت سیکیورٹی نے روک لیا جب انہوں نے میچ کے دوران تماشائیوں کی طرف سے کی جانے والی گالی گلوچ پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تماشائیوں کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف استعمال کی جانے والی زبان سے بہت زیادہ دکھی ہیں۔ میچ کے دوران کچھ غیر ملکی تماشائیوں نے کھلاڑیوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے کیے ہیں۔
جب اینٹی پاکستان نعرے لگنے شروع ہوئے تو خوشدل شاہ نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور تماشائیوں سے خاموش ہونے کی درخواست کی۔ تاہم صورتحال مزید بگڑ گئی جب افغان تماشائیوں نے پشتو میں مزید توہین آمیز زبان استعمال کی۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ اس صورتحال کے بعد اسٹیڈیم حکام نے مداخلت کی اور پاکستانی ٹیم کی طرف سے شکایت کے بعد دو تماشائیوں کو باہر نکال دیا۔