اپریل 21 2020: (جنرل رپورٹر) کرونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تباہ کاریوں نے پچھلے چوبیس گھنٹوں میں مزید 16 افراد کی جان لے لی- تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں 5،347 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 796 کنفرم کیسز نکلے جبکہ اسی دورن 16 افراد زندگی کی بازی سے ہاتھ دھو بیٹھے
یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک کرونا کے تقریبا 111،806 ٹیسٹ ہوئے جس میں سے 9،216 کرونا کے مریض (کنفرم کیسز) نکلے ہیں- گورنمنٹ آف پاکستان کی کرونا وائرس آگاہی کے متعلق ویب سائٹ پر دئیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس سے اب تک 192 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 51 کی حالت خطرے میں ہے- مزید برآں یہ کہ اب تک 2،066 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جو کہ خوش آئیند بات ہے
اگر ہم صوبہ کے لحاظ سے جائزہ لیں تو گورنمنٹ آف پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 4،195کیسز ہیں جبکہ سندھ میں 2،764, خیبرپختونخواہ میں 1،276, آزاد جموں کشمیر میں 50, گلگت بلستان میں 281 اور بلوچستان میں 465 کیسز ہیں
دیکھا جائے تو دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرونا کی صورتحال بگڑتی دکھائی دے رہی ہے- ایک طرف کرونا کا خوف تو دوسری جانب ترقی پذیر ملک ہونے کے ناطے بھوک اور غربت بھی اہم.مسئلہ کے طور پر ایک بار اجاگر ہونے لگی ہے-تاہم تجزیہ نگار اس بات پر بھی متفق ہیں کہ کرونا وائرس نے ایشیاء کے ممالک کو کم متاثر کیا ہے بنسبت یورپ کے- یاد رہے کہ یہ تمام معلومات گورنمنٹ آف پاکستان کی کرونا وائرس سے آگاہی مہم کی ویب سائٹ سے لی گئی ہے