کوئٹہ کے تھانے پر دستی بم حملے میں پولیس اہلکار زخمی
کوئٹہ کے سمارٹ پولیس اسٹیشن سول لائنز پر نامعلوم حملہ آوروں نے دستی بم پھینکا جس سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق دستی بم پھینکنے والے حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک کانسٹیبل زخمی ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حملے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے سفید روڈ پر واقع پولیس اسٹیشن پر دو موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا۔ پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل کی شناخت عبدالصبور کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | وزیر خارجہ بلاول بھٹو یکم جولائی سے جاپان کا چار روزہ دورہ کریں گے
اس سے قبل ہفتے کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں دفتر میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کی ایمبولینسز کے ساتھ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا کمپیوٹر آلات کے دفتر میں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متوفی دفتر کا چوکیدار تھا۔