شہباز گل کے خلاف تین کیس
کراچی پولیس نے شہباز گل کے خلاف تین کیس واپس لے لئے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کو آج جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) سے ریلیف مل گیا ہے۔ عدالت نے پولیس کے جواب پر شہباز گل کے خلاف کراچی میں درج تین مقدمات کالعدم قرار دئیے ہیں۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شہباز گل کی درخواست پر سماعت کی جس میں قومی اداروں کے خلاف توہین آمیز بیان دینے سے متعلق کراچی میں دائر تین مقدمات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی گئی۔
عدالت میں سماعت کا احوال
سماعت کے دوران پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ تین مقدمات کو سی کلاس کرنے سے متعلق رپورٹ مجسٹریٹس کو پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں | چوہدری پرویز الہی نے اعتماد کا ووٹ لے لیا
یہ بھی پڑھیں | وزیر آباد حملے کے جے آئی ٹی ممبران پر پریشر ڈالا جا رہا ہے: عمران خان
دائر درخواست میں پی ٹی آئی رہنما نے موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج ہیں۔ ان کا موقف تھا کہ ان کے بیان سے متعلق تھانہ مانگا منڈی لاہور میں مقدمہ درج ہے۔ لہٰذا کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
ایک ملزم کےخلاف متعدد مقدمات نہیں ہو سکتے
حکم جاری کرتے ہوئے، جج نے کہا کہ ایک کیس اور الزام میں ایک ملزم کے خلاف متعدد مقدمات درج نہیں کیے جا سکتے۔
مزید برآں، عدالت کی جانب سے ذاتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرنے کے بعد ریاستی اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے معاملے میں گزشتہ ماہ شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔