ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے جاری دورے کی وجہ سے کراچی حکام نے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے ہیں جن میں سات دن کے لیے ڈرون کیمروں کے استعمال پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔
کراچی کے کمشنر سید حسن نقوی نے شہر کے سیکیورٹی پروٹوکول کے حصے کے طور پر 22 اپریل سے 28 اپریل تک ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن میں ایس ایچ او کو اس پابندی کی کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف ضروری کارروائی کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، کراچی کی ٹریفک پولیس نے 23 اپریل کو شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی عارضی بندش کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
سیکورٹی کے نتیجے میں مختلف روڈز کی ٹریفک بھی بند کی گئی ہے جن میں کلب روڈ اور ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ شامل ہے۔ مزید برآں، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ کھجور چوک سے پی آئی ڈی سی تک بند رہے گا۔
یاد رہے کہ کراچی کمشنر نے پہلے ہی صدر ابرائہیم رئیسی کی آمد پر 23 اپریل کو کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ اعلان کے مطابق کراچی ڈویژن میں تمام نجی اور سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے بھی منگل 23 اپریل کو بند رہے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد عوام کو ہونے والی تکلیف کو کم کرنا اور ایرانی وفد کے استقبال کو یقینی بنانا ہے۔