پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے پاکستان میں اپنا ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم "شوق” کا آغاز کردیا ہے۔ شوق ٹی وی باکس بہترین اور منتخب تفریحی پروگرامز تک رسائی دے گا جس کا مقصد سب کو معیاری تفریحی مواد فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس نئے پلیٹ فارم کا افتتاح کراچی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا ہے جس میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے صدر اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اس افتتاحی تقریب میں شوبز شخصیات سمیت میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
پی ٹی سی ایل کے اس اقدام کا مقصد سستی قیمت میں اعلی معیار کے تفریحی مواد تک فراہمی کو ممکن بنانا اور اس شعبہ میں موجود خلا کو پر کرنا ہے۔
پی ٹی سی ایل کے اس "شوق ٹی وی” میں صارفین کو بڑے ہالی ووڈ اسٹوڈیوز کے تفریحی مواد، فلموں اور سیزنز تک رسائی مل سکے گی۔
زرائع کے مطابق ‘شوق‘ پر ایک سو سے زائد مشہور مقامی اور بین الاقوامی لائیو ٹی وی چینلز اور پاکستانی فلموں کا ڈیٹا بھی دستیاب ہو گا۔
اس موقع پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے صدر اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف نے کہا کہ ہم پاکستان کا سب سے بڑا انٹرٹینمنٹ چینل کا افتتاح کرنے پر خوش ہیں جس سے تمام ڈیٹا صارفین کو پریمیم انٹرٹینمنٹ اور نیوز مواد مل سکے گا۔
ہم امید کرتے ہیں کہ شوق لوگوں کی تفریحی ضروریات کو پورا کرنے والا سب سے بڑا چینل بن جائے گا۔
اسی طرح، ای ویژن کے سی ای او اولیور بریملی نے کہا کہ ہمیں خاشی ہے کہ ہم پاکستان میں تفریحی انقلاب کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ ہم منتظر ہیں کہ پی ٹی سی ایل کے ساتھ مل کر مزید ایسے اقدامات کریں جو عوام کے لئے خوشی کا باعث ہوں۔