راولپنڈی پولیس نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ایکس (2025) کے لیے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے ہیں جن کے تحت آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے میچز کے دوران 5,000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی پلان کو پاکستان آرمی، رینجرز اور دیگر اداروں کے تعاون سے ترتیب دیا گیا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کا آغاز آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ اور شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل یہ ایونٹ 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہے گا جس میں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
خصوصی فورسز جیسے ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس کے 376 سے زائد اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف تعینات کیے گئے ہیں۔ ان سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز اور سٹی پولیس آفیسر سید خالد حمدانی سمیت دیگر اعلیٰ افسران کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیڈیم میں آنے والے افراد کو صرف واک تھرو گیٹ سے گزرنے اور مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم اور شہر کے مختلف حصوں کی نگرانی کے لیے سیف سٹی کیمروں اور خصوصی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی نے جمعرات کو ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی ہوٹل اور دیگر مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کھلاڑیوں کی نقل و حرکت کے دوران تمام راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈز سے چیک کرایا جائے گا اور انہیں سیکیورٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ آئی جی پی نے مزید بتایا کہ قافلے میں سیف سٹی کی اسمارٹ کارز، موبائل جیمرز اور نگرانی کرنے والی گاڑیاں بھی شامل ہوں گی تاکہ مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کی ٹکٹوں کی فروخت شروع
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز ہوں گے جن میں 13 مئی کو کوالیفائر بھی شامل ہے جبکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 13 اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے۔