پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دسمبر میں تینوں فارمیٹ کی سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ روانہ ہوگی جس میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، ون ڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) اور ٹیسٹ شامل ہیں۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ 10 سے 14 دسمبر کے درمیان ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ جبکہ پارل، کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ 17 سے 22 دسمبر تک تین ون ڈے میچز کی میزبانی کریں گے۔
دوسری جانب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2024-25 کے دو میچز بھی ہوں گے- ایک 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین کرکٹ گراؤنڈ میں اور ایک 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹاؤن کرکٹ گراؤنڈ میں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ قومی ٹیم 19 نومبر کو آسٹریلیا سے واپسی کے بعد 2 دسمبر کو ڈربن کے لیے روانہ ہوگی۔
پاکستان آسٹریلیا میں 4 سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گا۔
سال 2024 کے دوسرے نصف میں پاکستان کے مصروف شیڈول کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے، پی سی بی نے کہا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دوروں سے پہلے، پاکستان بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی بالترتیب دو اور تین ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا۔ لہذا، وہ اگست 2024 سے جنوری 2025 تک چھ ماہ میں سات ٹیسٹ، کم از کم 10 ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا۔ جبکہ 1994-95 کے بعد یہ پاکستان کا جنوبی افریقہ کا ساتواں ٹیسٹ دورہ ہوگا۔
پاکستان کی دو ٹیسٹ جیتیں 1997-98 اور 2006-2007 کی سیریز میں تھیں۔ 1997-98 میں ڈربن ٹیسٹ میں، پاکستان نے اظہر محمود (132) اور سعید انور (118) کی سنچریوں کی وجہ سے 29 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اسی طرح 2006-2007 کے پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں، پاکستان نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور انضمام الحق کو پہلی اننگز میں 92 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔