وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکس وصولی کے عمل میں کوئی ہراسانی نہیں ہوگی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ حکومتی عزم ہے کہ ٹیکس وصولی کو عوام کے لیے آسان اور ہراسانی سے پاک بنایا جائے۔
یہ بیان انہوں نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں کے دوران دیا جہاں انہوں نے پاکستانی عوام اور سرمایہ کاروں کو آسان اور شفاف ٹیکس نظام فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے مگر کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ٹیکس نہ دینے والوں پر بینک اکاؤنٹ کھولنے اور جائیداد خریدنے کی پابندیاں عائد کرنے کے لیے قانونی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے ملک میں شفافیت بڑھے گی اور معیشت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس چوری کو روکا جائے اور ٹیکس دہندگان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
اس سلسلے میں وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ نئے قوانین اور اصلاحات کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں مزید شفافیت لائی جا رہی ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہو۔
وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ اس شفاف اور ہراسانی سے پاک ٹیکس نظام کے ذریعے ملک کے محصولات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل شعبے کو ترقی دی جا رہی ہے، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات پر پُر عزم ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے پروگرام سے جلد از جلد خود مختار بنایا جائے۔