شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے منگل کو بتایا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے ہیں۔
ایک بیان میں فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ خودکش حملے میں شہید ہونے والے پاکستانی فوجیوں میں لانس نائیک شاہ زیب، لانس نائیک سجاد، سپاہی عمیر اور سپاہی خرم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | یوم عاشورہ، موبائل سروس معطل کر دی گئی
یہ بھی پڑھیں | احساس راشن سبسڈی پروگرام: وزیر اعلی پنجاب کا مستحق افراد کو پندرہ سو ماہانہ دینے کا فیصلہ
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے حملے میں چار فوجیوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔
دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قوم کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین