قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 6 فروری کو ترکی اور پڑوسی ملک شام میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے سے ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کے لیے دو روزہ دورے پر (آج) جمعرات کو ترکی روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایک پریس ریلیز میں دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور پوری پاکستانی قوم کی جانب سے زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کریں گے۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف جنوبی ترکی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور علاقے میں تعینات پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ ساتھ زلزلے سے بچ جانے والوں سے بھی بات کریں گے۔
اس دورے کو ترکی عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا خصوصی اشارہ قرار دیتے ہوئے، دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اس مشکل وقت میں ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور جاری ریلیف کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کریں گے۔
.یہ بھی پڑھیں | حکومت نے 115 بلین روپیہ کے ٹیکس لگا دیئے
.یہ بھی پڑھیں | پنجاب فلور ملز کا پیر سے ہڑتال کرنے کا اعلان
ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
امدادی سامان اور ریسکیو ٹیموں کی شکل میں پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کا ذکر کرتے ہوئے، دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے طیب اردگان کو ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ہمارے ترک بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات
دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہمارے دونوں ممالک ہر آزمائش اور مصیبت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔۔
ہم ان کے نقصان کو اپنا سمجھتے ہیں
وزیر اعظم نے آج ایک ٹویٹ میں اپنے دورے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ دو ریاستوں میں رہنے والی ایک قوم کے جذبے کے مطابق، ہم ان کے نقصان کو اپنا سمجھتے ہیں۔
کوئی بھی ملک، جتنے بھی وسائل رکھتا ہو، اس شدت کی تباہی سے نمٹ نہیں سکتا۔ یہ وقت ہے کہ دنیا آگے آئے اور مصیبت زدہ انسانیت کی مدد کرے۔