وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انسداد منشیات کے لیے نیا محکمہ بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے موٹر گاڑیوں کی رجسٹریشن پلیٹس کا بیک لاگ ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جائیدادوں کے کرائے کی قیمتوں اور ڈی سی ریٹ میں مماثلت کی وجہ سے پراپرٹی ٹیکس کے فرق کے بارے میں ایک اسیسمنٹ رپورٹ تیار کی جائے۔
انہوں نے ٹیکس کی درست تشخیص کے لیے ٹیکس کنسلٹنسی یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دی۔
منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے 13 ایکسائز چیک پوسٹیں قائم
قبل ازیں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ اشیا اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے 13 ایکسائز چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔
مزید برآں، گاڑیوں کی ای-رجسٹریشن کے لیے ای سٹیمپڈ دستاویزات کے اجراء کے نتیجے میں ٹیکس وصولی میں 12.5 فیصد اضافہ ہوگا۔ افیون فیکٹری کی بحالی اور فارماسیوٹیکلز کے ریویو سے ٹیکس ریونیو میں 900 ملین روپے کا اضافہ ہوگا۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے محکمہ لائیو سٹاک کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں لائیو سٹاک کے شعبے کی برآمدی صلاحیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے انقلابی پروگرام کے تحت فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیل پراجیکٹ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے پنجاب بھر میں دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی بحالی کی منظوری بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے ایک ماہ کے عرصے میں صحت سے متعلق اصلاحات کے حوالے سے پانچویں اجلاس کی صدارت کی ہے جس میں صحت کے نظام کی تشکیل نو اور صحت کے جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ کئی اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔