وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حالیہ پُرتشدد مظاہروں سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے مظاہروں میں ریاستی اداروں اور امن و امان قائم رکھنے والے اہلکاروں پر حملے ناقابل قبول ہیں اور حکومت ان واقعات کا سخت نوٹس لے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے حالیہ مظاہروں کے دوران جاں بحق ہونے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے امدادی پیکیجز کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں پر حملے کسی بھی صورت جائز نہیں اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ مظاہرے اور احتجاج ہر شہری کا حق ہی لیکن انہیں پُرتشدد شکل دینا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کو “انتہا پسندی” قرار دیا اور کہا کہ یہ قوم کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
وزیرِ اعظم نے مظاہروں کے اسباب کا مستقل حل تلاش کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔