واٹس ایپ ایک نیا فیچر متعارف کرا رہا ہے جس کا نام "کوئیک چیٹ ریکیپ” ہے۔ یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہے جو مصروف گروپ چیٹس یا کام کے دوران میسجز مِس کر دیتے ہیں۔ اس کے ذریعے اب ہر چیٹ الگ الگ کھولنے کی ضرورت نہیں بلکہ واٹس ایپ آپ کو ایک مختصر خلاصہ دے گا کہ کس چیٹ میں کیا بات ہوئی۔
یہ فیچر سب سے پہلے WABetaInfo نے رپورٹ کیا اور یہ اُن صارفین کے لیے بہت کارآمد ہو سکتا ہے جو چند گھنٹوں یا دنوں کے بعد جب فون کھولتے ہیں تو درجنوں ان ریڈ میسجز اُن کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔
سمجھیں کہ یہ ایک "سمارٹ” طریقہ ہے چیٹس کو جلدی سمجھنے کا۔ جہاں پہلے صرف ایک مشترکہ خلاصہ دیا جاتا تھا وہاں اب یہ نیا فیچر آپ کو پانچ مخصوص چیٹس (گروپ یا پرسنل) منتخب کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ پھر ہر ایک کا الگ اور مختصر خلاصہ سامنے آتا ہے۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوتی ہے بلکہ ہر چیٹ کو کھول کر لمبے لمبے میسجز پڑھنے کی الجھن بھی ختم ہو جاتی ہے۔
یہ فیچر Meta کی AI ٹیکنالوجی پر مبنی ہے لیکن واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ صارف کی پرائیویسی سب سے اہم ہے۔ تمام ڈیٹا کی پروسیسنگ صرف آپ کے فون پر ہوتی ہے — کوئی بھی میسج Meta کے سرورز پر نہیں بھیجا جاتا۔
یعنی نہ کوئی چیٹ اسٹور ہوتی ہے نہ کسی کے ساتھ شیئر کی جاتی ہے۔
جب آپ چیٹس منتخب کر لیتے ہیں تو واٹس ایپ آپ کو اُن کا خلاصہ مختصر جملوں میں دکھا دیتا ہے۔
ابھی یہ فیچر صرف محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے خاص طور پر وہ لوگ جو واٹس ایپ کا اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.25.21.12 استعمال کر رہے ہیں۔ اگر آپ بیٹا ٹیسٹنگ پروگرام کا حصہ ہیں اور آپ نے ایپ کو اپ ڈیٹ کیا ہے تو ممکن ہے کہ یہ فیچر آپ کے لیے دستیاب ہو چکا ہو۔
یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ پر لوکیشن بھیجنے کا آسان طریقہ