نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک ویڈیو گائیڈ جاری کی ہے جس میں شناختی کارڈ (CNIC) پر نام کی تبدیلی کا مکمل طریقہ آسان انداز میں سمجھایا گیا ہے۔
ضروری کاغذات
نام کی تبدیلی کے لیے سب سے پہلے ضروری کاغذات تیار کریں:
کمپیوٹرائزڈ پیدائش کا سرٹیفیکیٹ جو یونین کونسل یا کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری ہو اور اس پر آپ کا درست، نیا نام درج ہو۔
اگر کمپیوٹرائزڈ پیدائش کا سرٹیفیکیٹ دستیاب نہ ہو تو نادرا کا مخصوص حلف نامہ (فارم C1 برائے ب فارم اور فارم C2 برائے شناختی کارڈ) فراہم کریں۔
اگر مذہب کی تبدیلی کی وجہ سے نام بدل رہے ہیں تو دارالافتاء کا جاری کردہ سرٹیفیکیٹ درکار ہوگا۔
تمام کاغذات مکمل ہونے کے بعد قریبی نادرا سینٹر جائیں۔
درخواست کا عمل
ٹوکن حاصل کریں: نادرا دفتر پہنچ کر ٹوکن لیں۔
بائیو میٹرک تصدیق: اپنی باری پر فنگر پرنٹس اور دیگر بائیو میٹرک تصدیق کروائیں۔
ڈیٹا اندراج: نادرا کا عملہ آپ کی تفصیلات درج کرے گا فنگر پرنٹس اسکین کرے گا تصویر کھینچے گا اور پھر ایک پرنٹ آؤٹ دے گا تاکہ آپ اسے جمع کروانے سے پہلے چیک کر سکیں۔
منظوری: دفتر کا انچارج درخواست کی منظوری دے گا۔ اس دوران آپ سے خاندان کے بارے میں کچھ سوالات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ شناختی کارڈ میں تبدیلی کے لیے فارم کی تصدیق (attestation) کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
فیس
درخواست منظور ہونے کے بعد آپ کو SMS کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔ فیس نادرا دفتر یا آن لائن ادا کی جا سکتی ہے:
ایگزیکٹو کیٹیگری: 2,500 روپے — 7 ورکنگ دن
ارجنٹ سروس: 1,500 روپے — 15 ورکنگ دن
نارمل سروس: 750 روپے — 30 ورکنگ دن
مقررہ وقت گزرنے کے بعد نیا شناختی کارڈ اسی نادرا دفتر سے وصول کریں جہاں آپ نے درخواست جمع کروائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ورچوئل کارڈ کیسے بنائیں