وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف آج ایبٹ آباد میں ایک عوامی اجتماع میں "ریاست مخالف تقریر” کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ایک سازش تھی۔
اتوار کی رات دیر گئے جاری کردہ ایک بیان میں، وزیر اعظم نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ملک کو "خانہ جنگی” اور سول وار کی طرف دھکیل رہے ہیں اور خبردار کیا کہ ان کے تمام "ناپاک عزائم” کو ہر قیمت پر کچل دیا جائے گا۔
وزیر اعظم کا یہ بیان فوجی ترجمان کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں سیاستدانوں، صحافیوں اور تجزیہ کاروں کو ملک کے سیاسی معاملات میں پاک فوج اور اس کی قیادت کو گھسیٹنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ عمل "انتہائی نقصان دہ” ہے۔
عمران خان کو ہٹلر، میر جعفر اور میر صادق قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ان پر ’قومی اداروں کے خلاف بیانیہ گھڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمران سیاست نہیں کررہے بلکہ ملک اور اس کے اداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف بیانیہ تیار کرنے والے اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | آرمی کو سیاست میں مت گھسیٹیں، آئی ایس پی آر
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں ریاست، آئین اور پاکستان کے معزز اداروں کو چیلنج کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جو کچھ کر رہے ہیں اسے سیاست نہیں بلکہ سازش قرار دیا جا سکتا ہے اور یہ سازش کسی سیاسی حریف کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو کسی ایک شخص کی انا، تکبر اور صریح جھوٹ پر سرنڈر اور سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے عمران خان نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش کی اور اب وہ پاکستان میں خانہ جنگی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وعدہ کیا کہ عمران خان کے ان مذموم عزائم کو ہر قیمت پر کچل دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان اس دور کے میر جعفر اور میر صادق تھے جو چاہتے ہیں کہ پاکستان لیبیا اور عراق بن جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس بھی میر صادق کی طرح صادق کا جعلی سرٹیفکیٹ ہے۔