ملک کے بیشتر علاقوں میں سخت گرمی کے بعد موسم نے کروٹ بدل لی اور کئی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں سے درجہ حرارت میں کمی آگئی۔
پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی کے ساتھ بارش کے باعث کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے پولز اکھڑ گئے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوگیا جہاں جہلم، گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ،سرگودھا اور خوشاب میں بارشیں شروع ہوگئی جب کہ حافظ آباد میں بارش اور طوفانی ہواؤں سے کئی مقامات پر بجلی کے پولز اور درخت اکھڑ گئے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں بنوں، اورکزئی، پارا چنار اور کرک میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی ہیں جب کہ بارشوں کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی بھی معطل ہوگئی۔
دوسری جانب آزاد کشمیرکے علاقوں نکیال،کوٹلی، بھمبھر،سماہنی اور اٹھ مقام میں آندھی کے ساتھ شدید بارشیں شروع ہوگئی ہیں جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے کل سے 8 جون تک سندھ،پنجاب،خیبرپختونخوا،کشمیر اور گلگت بلستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے