قرآن پاک کی بے حرمتی پر بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے کو آگ لگا دی گئی
سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کیے جانے کے خلاف احتجاج میں سینکڑوں مظاہرین نے آج جمعرات کی صبح وسطی بغداد میں واقع سویڈش سفارت خانے پر دھاوا بول دیا، اس کی دیواریں توڑ دیں اور اسے آگ لگا دی ہے۔
سویڈن کی وزارت خارجہ کے پریس آفس نے ایک بیان میں کہا کہ بغداد میں سفارت خانے کا تمام عملہ محفوظ ہے۔ انہوں نے حملے کی مذمت کی اور عراقی حکام کو سفارتی مشنوں کی حفاظت کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
آج جمعرات کا یہ مظاہرہ شیعہ عالم مقتدیٰ صدر کے حامیوں کی طرف سے بلایا گیا تھا تاکہ سویڈن میں قرآن پاک جلائے جانے کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں | سویڈن: تورات جلانے والے مظاہرین نے اپنا منصوبہ ترک کر دیا
سویڈن کی خبر رساں ایجنسی ٹی ٹی کے مطابق سویڈش پولیس نے آج جمعرات کو اسٹاک ہوم میں عراقی سفارت خانے کے باہر ایک عوامی میٹنگ کے لیے ایک درخواست منظور کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار قرآن پاک اور عراقی پرچم کو نذر آتش کرنا چاہتا ہے۔