عمران خان کی عدالت سے گرفتاری غلط تھی
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا مقابلہ قومی احتساب بیورو (نیب) میں نہیں بلکہ الیکشن میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اقتدار میں تھے تو اپوزیشن اور ان کی خواتین کو جعلی مقدمات میں گرفتار کرنے پر نیب کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے چیئرمین نیب نے خاتون کو وزیراعظم ہاؤس میں قید کرکے بلیک میل کیا اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کو بھی گرفتار کیا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت کے وزیر داخلہ نے خواتین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کیا اور عمران خان کو بتایا کہ پی ٹی آئی بھی اپوزیشن میں ہوسکتی ہے اور حکومت خواتین کے خلاف مقدمات بنائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اب سیاسی جماعت نہیں رہی، اب یہ دہشت گرد گروپ بن چکی ہے۔ انہوں نے فوجی تنصیبات اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں پر حملے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پارلیمنٹ کو بھی ان کے ساتھ دہشت گرد گروپ جیسا سلوک کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو منگل کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد پرتشدد مظاہرے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں | لاہور ہائی کورٹ نے شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا
یہ بھی پڑھیں | القادر ٹرسٹ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی مشکل میں ہیں