خیبرپختونخواہ میں حال ہی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بڑا دھچکا لگنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی کی سینئر قیادت پر مشتمل 21 رکنی سپریم کمیٹی قائم کر دی ہے۔
پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اور خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر غور کے لیے کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور، وزیر توانائی حماد اظہر اور دیگر نے شرکت کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی شریک ہوئے۔
ذرائع نے نجی نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی اور پنجاب میں انتخابی جنگ کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | پاکستان میں تین ہفتہ تک اومیکرون پھیلنے کا خدشہ
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اجلاس میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال، بہاولپور، سرگودھا اور راولپنڈی کے میئر کے امیدواروں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گجرات اور سیالکوٹ کے میئرز کے لیے سیاسی شخصیات کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔
خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو بری طرح شکست ہوئی اور اپوزیشن جماعتوں نے اکثریتی نشستیں جیت لیں۔
تحریک انصاف نے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے شکست کا ذمہ دار اندرونی اختلافات کو قرار دیا ہے۔
ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس مشاورتی اجلاس میں اہم تنظیمی اور پالیسی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔